اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ پاکستان بھر میں عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔ گھروں، محلوں، گلیوں، دفاتر، عمارتوں، گاڑیوں کا سجاوٹی سامان خریدنے کیلئے بازاروں میں لوگوں کا رش ہے۔ لوگ نعلین پاک، جھنڈوں، گنبدخضریٰ اور کعبہ کے ماڈلز، رنگ برنگی جھنڈیوں اور دیگر اشیاء کی خریداری میں مصروف ہیں۔ مساجد اور گھروں میں محافل میلاد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ بڑے تو بڑے بچوں میں عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا شوق دیدنی ہے۔ لاہور میں عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی آمد اور سجاوٹی سامان خریدنے کیلئے شہریوں نے چھٹی کے روز اردو بازار کا رخ کر لیا۔ ہر ایک کی خواہش تھی کہ وہ اپنے گھر اور گلی کو خوبصورتی سے سجائے۔ کوئی روضہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ماڈل خرید رہا ہے تو کوئی خانہ کعبہ کا۔ کسی کی خواہش ہے کہ برقی قمقوں سے مزین نعلین پاک کا ماڈل خریدے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اس عید کی خوشی کا اظہار گلیاں، بازار سجا کر اور گھروں کو منور کر کے کیا جاتا ہے۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ رات دو بجے تک کھلے بازاروں میں عوام کا رش رہتا ہے، عوام نہ صرف سجاوٹ کا سامان خریدتے ہیں بلکہ رنگ برنگی روشنیوں کا رجحان بھی بڑھ رہا ہے۔ عاشقان رسول کی بہت بڑی تعداد نہ صرف لاہور بلکہ پنجاب بھر سے خریداری کیلئے لاہور کا رخ کرتی ہے۔ شہر میں میلاد کے جلوسوں کی برآمدگی کا سلسلہ بھی جاری ہے، مختلف جماعتوں، تنظیموں اور انجمنوں کے زیراہتمام میلاد النبی ﷺ کی مناسبت سے ریلیاں اور جلوس نکالے جا رہے ہیں۔ جلوسوں اور ریلیوں میں بڑوں کےساتھ بچوں کی کثیرتعداد بھی شریک ہوتی ہے جبکہ بچوں نے 12 ربیع الاول کو پہاڑیوں کے ماڈلز سجانے کیلئے چندہ مہم بھی شروع کر رکھی ہے اور گلیوں میں ہر گزرنے والے سے میلاد کا چندہ وصول کیا جا رہا ہے۔ بچے پورا ہفتہ چندہ جمع کر کے 12 ربیع الاول کو مکہ کی پہاڑیوں کے ماڈلز بناتے ہیں۔
.......
/169